بتاریخ :
22 مئی 2008
کھلونا ایئر گن آنکھ کی خطرناک چوٹ کا باعث بن سکتی ہے
"پلاسٹک کی کھلوناایئر گن سے کھیلنے والے بچوں میںچھرے سے لگنے والی چوٹیں بہت عام ہیں۔" یہ بات کنسلٹنٹ آپتھالمولوجسٹ، ڈاکٹر راشد بیگ نے آنکھوں کی بیماریوں اور متعلقہ مسائل پر آغا خان یونیورسٹی ہسپتال (اے کے یو ایچ)کے زیر اہتمام ہونے والے ایک پروگرام میں کہی۔ قریب سے لگنے والا تیز رفتار چھرا آنکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے جس میں آنکھ میں خون جمع ہونا، ریٹینا کاالگ ہونا اور دیگر چوٹیں شامل ہیں۔ انھوں نے زور دیا کہ بچوں کے اس طرح کے کھلونوں سے کھیلنے کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔
آنکھوں کی چوٹیں یا اوکولر ٹراما خاص طور پر نوجوانوں اور بچوں میں بینائی سے محرومی کا ایک اہم سبب ہے۔ دیگر عام وجوہات میں ٹریفک کے حادثات، کیمیائی حادثے مثلاً تیزاب اور الکلی سے جلنا اور بم دھماکے شامل ہیں۔ اگر آنکھ زخمی ہوجائے تو فوری تشخیص، ثالثی دیکھ بھال کے مرکز میں منتقلی اور علاج سے بینائی میں بہتری آسکتی ہے۔ صنعتی ماحول میں حفاظتی عینک کا استعمال خطرے کی زد میں موجود افراد کے لیے ایک عام تحفظ ہے۔ آنکھ کی چوٹوں کی وجوہات، علامات اور بینائی سے محرومی کی اس اہم وجہ کا سبب بننے والے واقعات میں کمی کے لیے کس وقت طبی امداد حاصل کرنی چاہیے یہ سب جاننے کے لیے ڈاکٹر بیگ نے عوامی آگہی میں اضافے پر زور دیا۔
موتیا بزرگ افراد میں بینائی کی کمی کی اہم وجہ ہے۔ عام طور پر صاف لینس میں دھندلا پن آجانا موتیا کہلاتا ہے جس سے دیکھنے کا عمل دھندلا جاتا ہے۔ زیادہ تر موتیا آہستہ آہستہ بڑھتا ہے اور بصارت میں رکاوٹ پیدا کردیتا ہے جس کا واحد حل آپریشن ہے۔ موتیے کا آپریشن آج کل سب سے عام اور محفوظ ترین آپریشن بن چکا ہے۔
کنسلٹنٹ آپتھالمولوجسٹ، ڈاکٹر شرمین اکرم نے آنکھ کے عام مسائل پر بات کی۔ بہت سے مسائل آنکھوں پر اثرانداز ہوسکتے ہیں جس میں 'ریڈ آئی' یا آنکھوں کا سرخ ہونا بہت عام ہے۔ عام طور پر یہ کنجنکٹی وائٹس نامی ایک انفیکشن کی وجہ سے ہوتی ہے تاہم دیگر مزید اہم مسائل مثلاً گلاؤکوما (کالا موتیا) اور یووی آئٹس (آنکھ کی درمیانی تہہ کی سوزش) بھی آنکھوں کی سرخی کا سبب بن سکتے ہیں۔ اگر کسی شخص کو 'ریڈ آئی' اور درد ہو یا اس کی بصارت میں مسئلہ ہو تو صحیح تشخیص اور مناسب علاج کے لیے جلد از جلد آنکھوں کے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ انھوں نے عام طور پر استعمال ہونے والے گھریلو ٹوٹکوں مثلاً عرق گلاب یا دیگر بغیر نسخے کے ملنے والی ادویات کے استعمال سے منع کیا۔ایک صحتمند زندگی بشمول باقاعدگی سے ورزش، مناسب خوراک، معالج کے ساتھ باقاعدہ فالو اپ، آنکھوں کے ڈاکٹر سے چیک اپ کے ذریعے ان مسائل کی جلد پہچان، فوری مداخلت اور بہتر علاج ممکن ہے۔
" گلاؤکوما (کالا موتیا) اندھے پن کی دوسری اہم ترین وجہ ہے جو آنکھ کے اعصاب کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاتا ہے" یہ بات کنسلٹنٹ آپتھالمولوجسٹ، ڈاکٹر مہناز نوید شاہ نے کہی۔ پہچان ہونے کے بعد مناسب ادویات کے استعمال، لیزر اور مختلف آپریشنز کی مدد سے اسے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ مناسب اور بروقت تشخیص اور علاج سے مریض کے لیے بصارت میں کمی سے بچاؤ اور اچھی بصارت سے مستفید ہونا ممکن ہے۔ ڈاکٹر مہناز نے کالے موتیے کے خطرات، اس کی مختلف اقسام اور دستیاب علاج کی وسیع اقسام پر روشنی ڈالی۔
اے کے یو ایچ نے عوام سے رابطے کے پروگرام اور معاشرے میں فوری تشخیص اور بروقت علاج کی آگاہی پیدا کرنے کے سلسلے میں ' آثار، علامات اور علاج ‘ کے عنوان کے تحت کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ اور یو اے ای میں اب تک 300 سے زائد پروگراموں کا انعقاد کیا ہے جن سے اب تک 50,000 سے زائد افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
اے کے یو ایچ کا پیشنٹ ویلفیئر پروگرام نادار اور مستحق مریضوں کو علاج کے لیے مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ اے کے یو ایچ میں زیر علاج 73 فی صد مریضوں کا تعلق درمیانے یا کم آمدنی والے طبقے سے ہے۔ 1986 میں اس ویلفیئر پروگرام کے آغاز سے لے کر اب تک 2 بلین روپے سے زائد رقم 300,000 سے زائد مستحق مریضوں پر خرچ کی گئی ہے۔
مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی رابطہ کریں:
رسول سارنگ، اسسٹنٹ مینیجر میڈیا، فون: 3920 486
حسّان اختر، میڈیا ایگزیکٹیو، فون: 2927 486
پبلک افیئرز ڈیپارٹمنٹ، آغا خان یونیورسٹی، اسٹیڈیم روڈ، پی او بکس 3500 ، کراچی 74000
فیکس: 2095 493، 4294 493