Urdu Version
Download Urdu fonts

 

 

20 جون 2008

پاکستان میں ہر سال 400,000 سے زائد افراد فالج کا شکارہوجاتے ہیں

پاکستان میں ہر سال400,000 سے زائد افراد فالج کا شکارہوجاتے ہیں،جن میں سے ایک تہائی جانبر نہیں ہو پاتے اور تقریباً نصف دوسروں کے محتاج ہو جاتے ہیں "، یہ بات ڈاکٹر محمد واسع، کنسلٹنٹ نیورولوجسٹ، آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) نے اے کے یو کے آگاہی کے پروگرام میں حاضرین کو بتائی۔

فالج، معذوری کی نما یاں ترین وجوہات میں سے ایک اور دنیا بھر میں اموات کی دوسری بڑی وجہ ہے۔ " بد قسمتی سے پاکستان میں زیادہ تر لوگ اس بات سے واقف نہیں کہ فالج سے بچاؤ اور اس کا علاج ممکن ہے "۔ڈاکٹر واسع نے کہا کہ ہائی بلڈ پریشر پر قابوپا کرفالج کے نصف سے زائد حملوں سے بچا جا سکتا ہے۔کولیسٹرول اور شوگرلیول پر نظر رکھ کر،ترک تمباکو نوشی اور باقاعدگی سے ورزش کر کے 80 سے 90 فی صد کیسز کو روکا جا سکتا ہے۔بچاؤ پر بحالی کی نسبت کم خرچ آتا ہے۔

ہسپتالوں میں اسٹروک یونٹس نے فالج کے علاج میں انقلا بی تبدیلیاں پیداکی ہیں، لہٰذا مریضوں کو جلد از جلد ،اگر ممکن ہوتو تین گھنٹے کے اندر اندر، ہسپتال منتقل کرنا چاہیے۔ مریض کو ہسپتال پہنچانے میں جتنی دیرکی جائے، اتنا ہی زیادہ نقصان کا زیادہ امکان ہوتا ہے اور بحالی میں زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔ عوامی آگاہی اور ترغیب ، فالج کی شرح میں کمی ،اور بحالی کے عمل میں بہتری کا باعث ہو گی۔

اے کے یوکے کنسلٹنٹ نیورولوجسٹ ڈاکٹر گوہر جاویدنے کمر کے نچلے حصّے میں درد کی اعصابی کمزوری ( نیورل انفرمٹی) کے حوالے سے اپنے تجربات بیان کیے ۔کمر کے نچلے حصّے میں درد ایک عام مسئلہ ہے، تاہم اکثر مریضوں میں کئی ٹیسٹ اور پروسیجرز کروانے کے با وجود اس کی درست وجہ کی نشان دہی مشکل ہے۔ خوش قسمتی سے کمر درد کے زیادہ تر مسائل چند ہفتوں میں ختم ہو جاتے ہیں، لیکن اگر دردلمبے عرصے تک برقرار رہے تو کسی معالج سے رابطہ کرنا چا ہیے۔

آغا خان ہسپتال کا نیورولوجی سیکشن اسٹروک اور کمر کے نچلے حصّے میں درد کے مریضوں کے لئے مختلف خدمات فراہم کرتا ہے۔ اس سیکشن میں پاکستان بھر میں نیورولوجسٹس کی سب سے بڑی سند یافتہ فیکلٹی موجود ہے ۔

اے کے یو ایچ نے عوام سے رابطے کے پروگرام اور معاشرے میں فوری تشخیص اور بروقت علاج کی آگاہی پیدا کرنے کے سلسلے میں ' آثار، علامات اور علاج ‘ کے عنوان کے تحت کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ اور یو اے ای میں اب تک 300 سے زائد پروگراموں کا انعقاد کیا ہے جن سے اب تک 50,000 سے زائد افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں۔

اے کے یو ایچ کا پیشنٹ ویلفیئر پروگرام نادار اور مستحق مریضوں کو علاج کے لیے مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ اے کے یو ایچ میں زیر علاج 73 فی صد مریضوں کا تعلق درمیانے یا کم آمدنی والے طبقے سے ہے۔ 1986میں اس ویلفیئر پروگرام کے آغاز سے لے کر اب تک 2 بلین روپے سے زائد رقم 300,000 سے زائد مستحق مریضوں پر خرچ کی گئی ہے۔

مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی رابطہ کریں :

رسول سارنگ، اسسٹنٹ مینیجر میڈیا، فون: 3920-486

حسّان اختر، میڈیا ایگزیکٹیو، فون: 2927-486

پبلک افیئرز ڈیپارٹمنٹ، آغا خان یونیورسٹی، اسٹیڈیم روڈ، پی او بکس 3500 ، کراچی 74000

فیکس: 2095-493, 4294-493

Home Site Map Contact Us
 
School of Nursing Hospitals Medical College Institute for the Study of Muslim Civilisations Institute for Educational Development Examination Board  Home Site Map Contact Us