25 اگست 2008
آغا خان یونیورسٹی نے شام میں صحت اور تعلیم کی ترقی کے دو معاہدوں پر دستخط کئے
حکومت شام اور آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) نے شعبہ صحت میں تعاون کے فروغ کے لیے آج باہمی اشتراک کے ایک رسمی معاہدے پر دستخط کیے۔ (Memorandum of Understanding)
دمشق میں وزیر اعظم کے دفتر میں اس معاہدے پر دستخط کے موقعے پر شام کے وزیر اعظم ہز ایکسلینسی محمد ناجی ال عطری اورشیعہ اسماعیلی فرقے کے امام(روحانی رہنما) ہز ہائی نس دی آغا خان موجود تھے۔ ہز ہائی نس آغا خان ،آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک ( اے کے ڈی این) کے بانی اور چیئر مین ہیں اور آغا خان یونیورسٹی کے چانسلر ہیں۔ وہ چھ دن کے دورے پرشام میںہیں۔
یہ معاہدہ نرسنگ کی تعلیم اور ہسپتال کے معیار کی تصدیق میں تعاون کا ایک نظام پیش کرتا ہے جس پر وزیر صحت ڈاکٹر مہرال ۔ ہوسامی، وزیر اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر غیث برکت ،اے کے یو کے صدرمحترم فیروز رسول اورشام میں آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کے نمائندے محترم محمد سیفونے دستخط کیے۔
یہ معاہدہ حکومت شام اوراے کے یوکے درمیان موجودہ کامیاب اشتراک میں ایک اضافہ کا مظہر ہے۔ یہ اشتراک صحت عامہ کے شعبے میںبڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے ملک میں موجود صلاحیتوں کی مضبوطی اور تعمیر کی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے ۔ اس اشتراک میں اپنا حصہ دیتے ہوئے اے کے یو وزارتوں کو درج ذیل تیکنیکی سہولیات فراہم کرے گا:
- نرسوں کے لیے اساتذہ میں اضافہ اور تحقیق پر مبنی مربوط نصاب کے ذریعے منتخب شدہ بیچلرز اور ماسٹرز پروگراموں کی ترقی؛ اور
- دمشق ہسپتال میں عملہ کی جامع تربیت کے ذریعے معیار کی تصدیق کے نظاموں کا قیام
حکومت شام اوراے کے یوکے درمیان اشتراک اس طرح سے انفرادیت کا حامل ہے کہ یہ کئی متعلقہ شعبوں پر محیط ہے اور مسلم دنیا کی تین یونیورسیٹوں یعنی شام کی تشرین اور ال بعث یونیورسٹی اور اے کے یو کے درمیان رابطہ کا ذریعہ ہے۔
" عالمی معیار کے مطابق بہترین تعلیم دینے والے ادارے ہر ملک کے لیے اہم ہیں خواہ وہ کتنا ہی ترقی یافتہ کیوں نہ ہو" ، آغاخان نے معاہدے پر دستخط کے موقعے پر کہا۔" شام میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اداروں کی استعداد میں اضافہ وہ مقصد ہے جو ہماری بات چیت کے آغاز سے موجود رہا ہے اور اعلیٰ تعلیم اور اداروں کی تعمیر کا یہ معاہدہ جس پر آج دستخط کیے گئے ہیں اسی سلسلے کا ایک آغاز ہے۔ "
سال 2003-2007 میں اے کے یو نے علمی معاملات میں شام کی وزارت صحت کے شریک کے طور پر کام کیا۔ اس عرصہ میں اے کے یو نے کامیابی سے سات ہسپتالوں میں نرسنگ کوالٹی اشورنس متعارف کروائی،100 سے زائد نرسوں کو معالجاتی اور معیار کی تصدیق کی تربیت دی،شام کی وزار ت صحت کے نرسنگ ڈپلومہ کے نصاب کے فروغ میں مدد دی اور 40 اساتذہ کو جدید تدریس کی تربیت دی۔ اس دوران نوطلبا پاکستان میں اے کے یو میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر چکے ہیں جن میں نرسنگ سائنس میںبیچلر اور ماسٹر کی ڈگری اور ایجوکیشن میںماسٹر ڈگری پروگرام شامل ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر طلبا اپنے ملک میں صحت اور تعلیم کی ترقی میں معاونت کے لیے شام واپس جا چکے ہیں۔
پریزیڈنٹ رسول کے مطابق شام کی حکومت اور اے کے یو کے درمیان اشتراک کا ایک اہم پہلویہ ہے کہ یہ جنوب کا جنوب سے اشتراک ہے۔ "پچھلی صدی میں ایک عمومی عالمی تاثریہ رہا ہے کہ علم، تصورات اور مسائل کے حل کا بہاواسی صورت میں قابل اعتماد ہے جب کہ یہ مغرب سے مشرق یا شمال سے جنوب کی جانب ہو۔تاہم یہ ایک غلط تاثر ہے جیسا کہ حکومت شام اور اے کے یو کے درمیان معاہدے سے ظاہر ہے۔ باہمی اشتراک سے ہم اپنے ممالک میں علم کے مراکز کے رابطوں میں کامیاب ہو سکے ہیں"
آغا خان یونیورسٹی 1983 میں چارٹر حاصل کرنے والی پہلی نجی خودمختار یونیورسٹی ہے اور امہ اور ترقی پذیر ممالک کی خدمت اس کا نصب العین ہے۔ اس کو طب، نرسنگ، اساتذہ کی تربیت ، طبی دیکھ بھال اور کمیونٹی خدمات کے سلسلے میں بین الاقوامی معیار کی تحقیق، تعلیم اور خدمات کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ یونیورسٹی کے کیمپس اور پروگرام جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ ،یورپ اور افریقہ کے آٹھ مما لک میں موجود ہیں جن میں فیکلٹیز آف ہیلتھ سائنسزکے ساتھ ایک نرسنگ اسکول، میڈیکل کالج اور کراچی اور نیروبی میں تدریسی ہسپتال، کراچی اور دار السلام میں انسٹیٹیوٹس فار ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ، ایگزامینیشن بورڈ اور انسٹیٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف مسلم سویلائزیشنز شامل ہیں۔اے کے یو ایک غیرجانبدارادارہ ہے جومذہب، لسانیات، صنف، قومی وابستگی یا مالی حیثیت سے بالا تر،تمام افراد کو خوش آمدید کہتا ہے
مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی رابطہ کریں فبھا پرویز، میڈیا ایگزیکٹیو، ڈیپارٹمنٹ آف پبلک افیئرز ، آغا خان یونیورسٹی، اسٹیڈیم روڈ، کراچی ،
فون: 2925-486 21-92+
ای میل: fabeha.pervez@aku.edu