29 اگست، 2008
اے کے یوای بی نے ضمنی امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا
آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (اے کے یو - ای بی) نے30 اگست 2008 کو ایس ایس سی کے ضمنی امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ضمنی امتحانات میں حصہ لینے والے طلبا کے پاس اب کالج میں داخلوں کے عمل کے دوران ہی ان کے حتمی تصدیق شدہ نمبر موجود ہیں اور وہ بغیر کسی تاخیر کے اپنی اعلیٰ ثانوی تعلیم کا آغاز کرسکتے ہیں ۔
آخری ضمنی امتحان کے محض سات دن بعد ان ضمنی امتحانات کے نتائج کااعلان کر دیا گیا ۔ امتحانات کے تیز تر نتائج کااعلان بورڈ کے پاس موجودجدید ترین ای مارکنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے ممکن ہوا ۔اس تیز ترین کارروائی کا مقصد ان طلبا کو فائدہ پہنچانا تھا جو غیرحاضر تھے یا ذاتی وجوہات کی بنا پر امتحانات میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔ اب تک یہ امیدوار کالج میں داخلوں اور ایک سال کے تعلیمی نقصان کی وجہ سے نہایت غیر یقینی کیفیت کا شکار تھے۔ میانوالی کے ایک امیدوار نے کہا "میں اپنے کچھ خاندانی مسائل کی وجہ سے ریاضی کے امتحان پر توجہ نہیں دے سکا جس کی وجہ سے میں بہت پریشان تھا۔ تاہم اب میں مطمئن ہوں کیونکہ اب میں اپنے دوسرے ہم جماعتوں کے ساتھ کالج میں اپلائی کرسکتا ہوں۔ "
الیکٹرونک مارکنگ اور خصوصی تربیت یافتہ ماہرین کے ذریعے نتائج کی ترتیب نے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنادیا۔ امتحانات کو ایماندارانہ اور شفاف بنانا اے کے یو- ای بی کی اہم ترجیح ہے۔ کالج اپنے داخلوں اور اسکول اپنے طلبا کی فہم اور مضامین پر گرفت کو صحیح طرح جانچنے کے لیے ان نتائج پر انحصار کر سکتے ہیں۔
اے کے یو- ای بی اسکولوں کی معاونت کے لیے ٹیچرز ٹریننگ اور ایسی ورکشاپس کا انعقاد کرتا ہے، جن میں مختلف مضامین پر طلبا کی صلاحیتوں میں اضافے کے طریقوں کا اطلاق سکھایا جاتا ہے تاکہ اساتذہ اور اے کے یو- ای بی سال بہ سال کارکردگی کا جائزہ لے سکیں اور آئندہ کے لیے منصوبہ بندی کرسکیں۔ امیدواروں کی کارکردگی کے یہ تجزیے ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی گریڈوں کے لیے واضح اور شفاف معیار کی بنیاد فراہم کریں گے۔
ضمنی امتحانات کے نتائج www.aku.edu/akueb/ پر دیکھے جاسکتے ہیں۔
مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی رابطہ کریں ردا ترابی، سینئر میڈیا ایگزیکٹیو، ڈیپارٹمنٹ آف پبلک افیئرز ، آغا خان یونیورسٹی، اسٹیڈیم روڈ، کراچی
فون: 2931-486 21-92+
ای میل rida.turabi@aku.edu
آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو)
ہز ہائی نس آغا خان کی قائم کردہ اور 1983 میں پاکستان کی پہلی غیر سرکاری یونیورسٹی کے طور پر چارٹر حاصل کرنے والی آغا خان یونیورسٹی(اے کے یو) کا مقصد عمومی طور پر انسانی بہبود اور بالخصوص پاکستان کے لوگوں کی فلاح کو فروغ دینا ہے جو ہیلتھ سائنسز، تعلیم اور یونیورسٹی کی متعین کردہ علوم کی دیگر شاخوں میں علم کے فروغ اور ہدا یات کی فراہمی، تربیت، تحقیق اور خدمات کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے۔ اے کے یو ایک بین الاقوامی یونیورسٹی ہے جس کی شاخیں آٹھ ممالک پاکستان، کینیا، یوگنڈا، برطانیہ، افغانستان، شام اور مصر میں موجود ہیں۔
اے کے یو ایگزامینیشن بورڈ
آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (اے کے یو۔ای بی) ایک فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ہے جو آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) کے تحت بنایا گیا ہے۔ امتحانوں کے لیے مزید بہتر نظام کے مطالبے کے پیش نظر اس بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا۔حکومت پاکستان کے آرڈیننس CXIV کی مطابقت میں اگست 2003 میں اے کے یو۔ای بی قائم کیا گیا تا کہ پاکستان اور پاکستان سے باہر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ (ایس ایس سی) اور ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ(ایچ ایس ایس سی) کے لیے امتحانی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ یہ اردو اور انگلش دونوں میڈیم میں خدمات فراہم کرتا ہے۔ اے کے یو۔ای بی کا بنیادی مقصد تعلیم کا معیار بہتر بنانا ہے ،اس کے لیے بلند معیار امتحانی نظام کو پاکستانی طلبا کے لیے زیادہ قابل رسائی بنانے کے ساتھ ساتھ ملک اور ملک سے باہر موجود اہم اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ذریعے ان کی قدر ومنزلت کا اندازہ لگوایا جائے گا۔